مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قائدانہ کردارادا کیا، چنگیز جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میرچنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو انکی سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قائدانہ کردارادا کیاوہ ناقابل بیان ہے سانحات کے باوجود جمہوری جدوجہد میں پرعزم رہیں، موجودہ سلیکٹڈ اور نا اہل حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد حکمران بوکھلاہٹ کا شکارہوکر گالم گلوچ پر اترآئے ہیں سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی کاگھر جان ٹھہر گیا ہے اورانشاء اللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی۔شہید جمہوریت بیگم نصر ت بھٹو کی93ویں سالگرہ کے موقع پر یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہاکہ بیگم نصرت بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے قائدانہ کردارادا کیا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نصرت بھٹو ایک بہادر خاتون تھیں جو جمہوری جدوجہد کی راہ میں ناقابل ذاتی سانحات کے باوجود پرعزم رہی انکی عمر بھر کی جدوجہد ثمرآور ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے قیام کیلئے پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے اور جیلوں میں کوڑے کھائے لیکن اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت پیپلزپارٹی کے قائدین کی قربانیوں کی بدولت مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے محترمہ نصر ت بھٹو کو انکی شاندارخرمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ غیور پاکستانی عوام بیگم نصرت بھٹو کی ملک اور قوم کیلئے قربانی اور جدوجہدکو کبھی نہیں بھولے گی مادر جمہوریت نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے تاریخی جدوجہد کی اور اس جدوجہد میں میں ناقابل برداشت صدمات سہے، مادر جمہوریت کی بہادری اور ثابت قدمی جمہوریت پسندوں کیلئے حوصلہ اور ڈھارس رہی، بیگم نصرت بھٹو نے جس عزم اور حوصلے سے سفاک، اقتدار کے لالچی آئین شکن ٹولے کی مزاحمت کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، مادر جمہوریت نے سیاست میں صبر اور برداشت کے اصول متعارف کرائے اور وہ اصول آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مسلط نا اہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت مہنگائی اوربے روزگاری کے ہاتھوں لوگ دووقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں اقتدارمیں آنے سے سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر دینے کاوعدہ کیا تھا لیکن اقتدارمیں آنے کے بعد ابتک لاکھوں لوگوں کو بے روزگار اوربے گھر کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے عوام کو نا اہل سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی سے چھٹکارا دلانے کیلئے قومی اسمبلی میں تحریک عدم عتماد جمع کرائی ہے اسپیکر اسمبلی اجلاس بلانے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں اور جلسوں میں گالم گلوچ پراتر آئے ہیں اور گزشتہ دنوں اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملہ انکی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے اورآئندہ بھی کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اورانکے حواری پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف بہودہ زبان استعمال کرنے سے بازآجائیں بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے جیالے انہیں جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی اورحکومتی اتحادی جماعتیں بھی اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے تیار ہیں اورانشاء اللہ جلد سلیکٹڈ عمران نیازی سے عوام کو چھٹکارا مل جائے گا۔