23 مارچ 1940ء برصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم دن ہے، چنگیز جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ23 مارچ 1940ء برصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم دن ہے جو تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخرہے جس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی جو کہ مسلمانان ہند کی حصول پاکستان کی جانب جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہوئی، یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہواس کا عملی نمونہ 1945 کے انتخابات ہیں جس میں مسلمانوں کو واضح سیاسی برتری حاصل ہوئی،انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد اور یہاں آباد مختلف اقوام اور اکائیوں کے حقوق کے تعین اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بحیثیت متحد قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے،