پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کی میزبانی ن لیگ کو دی ہے،مولانا غفور حیدری
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کی میزبانی مسلم لیگ (ن) کو دی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالت کااحترام کیا ہے، آج بھی جو فیصلے آئے ان پر ہم اپوزیشن کی تمام جماعتیں عمل کریں گی۔انہوں نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کیا حکومت بھی ان فیصلوں پر عمل کی پابند ہوگی، عدالت نے فیصلہ دیا تصادم سے بچنے کے لیے دونوں جلسوں میں فاصلے ہونے چاہئیں۔
جے یو آئی رہنما نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم نے اس لانگ مارچ کی میزبانی مسلم لیگ کو دی ہے، جلسہ گاہ، انتظامات، معاملات باہمی مشورےسے طے کریں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے ملین مارچ کیے، آزادی مارچ کیا، ہمارے قافلے کراچی سے اسلام آباد تک چلے اس دوران سڑکیں چلتی رہیں۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے یہ بھی کہا کہ ہم 15دن رہے، اسلام آباد کے دکاندار دعائیں کر رہے تھے یہ دھرنا مزید رہے کیونکہ دکانداروں کا کاروبار 3 گنا ہوگیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 25 مارچ کا ہمارا دھرنا اسی طرح پُرامن ہوگا، 24 مارچ سے روات، بہارہ کہو اور 26 نمبر چونگی میں استقبالیہ کیمپ قائم کریں گے۔
جے یو آئی رہنما نے کہا کہ بدمعاشی کی گئی تو پھر اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، ہم اپنے جلسےکا اعلان ایک ڈیڑھ مہینہ پہلے کرچکے تھے۔اُن کا کہنا تھا کہ سارے وزرا بیٹھ کر آپ کے چینلز پر صرف قومی قیادت کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، نا ان میں وژن ہے، نا صلاحیت ہے اور نا ہی دوراندیشی ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم کسی کو ایسے کہہ سکتا ہے کہ تم نشانے پر ہو، اگر ان کے 50 لوگ کسی ایم این اے کے خلاف مظاہرہ کر سکتے ہیں تو 100 لوگ ہم بھی لاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں بدامنی نہیں چاہتے، تصادم نہیں چاہتے، ہم صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں، ہم نے جمہوریت اور آئین کا راستہ لیا ہوا ہے۔