ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان سے پسماندگی اوراحساس محرومی کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوگا ،میرنصیب اللہ مری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزراء میر محمد خان لہڑی عبدالرشید بلوچ،میر نصیب اللہ مری، میر سکندر عمرانی اور میر ضیا ء لانگو نے ریکو ڈک معاہدے کو بلوچستان کے لئے تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے معاہدے میں بلوچستان کے حقوق و مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو مبارکباد پیش کی ہے اور بحیثیت لیڈر انکی جرآت اور دانشمندی کو خراج تحسین پیش کیا ہے اپنے ایک مشترکہ بیان میں صوبائی وزراء نے کہا کہ آج کا دن صوبے کی تاریخ کے روشن دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کیونکہ آج ایک ایسا معاہدہ طے پایا جو بلوچستان کی قسمت بدل دیگا انہوں نے کہا ریکو ڈک معاہدہ دنیا کا پہلا معاہدہ ہے جس میں کسی صوبے کو کوئی سرمایہ کاری کئے بغیر منافع کا 33فیصد سے زائد حصہ ملے گا اس سے قبل افغانستان میں اشرف غنی کے دور حکومت میں امریکی کمپنی کے ساتھ ہونے والے معدنی معاہدے میں افغانستان کا حصہ 18 فیصد تھا صوبائی وزراء نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کو اپنی ابتداء ہی میں جن چیلنجز کا سامنا تھا ان میں سب سے بڑا چیلنج ریکو ڈک معاہدہ تھا جسکا حکومت پر بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن اللہ کے فضل اور وزیراعلیٰ کی جرات اور دانشمندی سے ہم اس چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے میں کامیاب ہوئے اور نہ صرف اپنے وسائل کا تحفظ کیا بلکہ صوبے کے لئے تاریخی منافع حاصل کیا جو ہماری آئیندہ نسلوں کو بھی ملتا رہے گا صوبائی وزراء نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ثابت کیا کہ وہ صوبے کے مفادات پر نہ تو کسی دباؤ میں آئیں گے اور نہ کوئی سمجھوتہ کرینگے صوبائی وزراء نے کہا کہ معاہدے پر صیح معنوں میں عملدرآمد کرتے ہوئے اسے کامیابی سے آگے بڑھایا جائے گا ریکو ڈک منصوبہ بلوچستان سے پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمے کی بنیاد ثابت ہوگا اب نوجوانوں کے لئے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے اور کوئی بھی انہیں گمراہ نہیں کر سکے گا صوبائی وزراء نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام وزیراعظم اور آرمی چیف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے صوبے کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے بلوچستان کا بھرپور ساتھ دیا صوبائی وزراء نے کہا کہ ریکو ڈک معاہدے کا کریڈٹ موجودہ صوبائی حکومت کے حصے میں آنا اللہ تعالء کا خصوصی کرم ہے جسکے لئے ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں