وزیر اعظم آج رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب آج مجوزہ ٹھلیاں انٹرچینج کے مقام پر ہو گی۔ جس میں وزیر اعظم عمران خان شریک ہوں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزرا بھی شرکت کریں گے۔
راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ منصوبہ بانٹھ موڑ سے ٹھلیاں تک بنایا جائے گا اور اس کی کل لمبائی 38.3 کلومیٹر ہو گی۔ منصوبے کے تحت 8 ہزار 992 کنال زمین خریدی جا رہی ہے اور زمین کی خریداری پر 6 ارب 72 کروڑ 47 لاکھ 30 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔
زمین کی خریداری کے 5 ارب 90 کروڑ 13 لاکھ روپے صوبائی حکومت نے آر ڈی اے کو جاری کیے ہوئے ہیں اور 2 ارب 39 کروڑ روپے کی زمین خریدی جا چکی ہے۔ زمین خریداری کی مد میں آر ڈی اے کے آکاؤنٹ میں 3 ارب 51 کروڑ 13 لاکھ بیلنس میں ہے جبکہ 13کروڑ 86لاکھ 40ہزار روپے سروسز منتقلی پر خرچ ہوں گے۔
منصوبے کے سول ورکس پر 23ارب 60کروڑ 62لاکھ10ہزار روپے لاگت آئے گی، سول ورکس لاگت کی منظوری ایکنک پہلے ہی دے چکا۔منصوبے کی مجموعی طور پر لاگت 30ارب 60کروڑ 69لاکھ 40ہزار روپے لاگت آئے گی ، رنگ روڈ 6رویہ سڑکوں پر مشتمل ہوگا اور ہر لائن کی چوڑائی 3.65میٹر ہوگی۔
دیگر شاہراؤں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے 5انٹر چینج تعمیر کیئے جائیں گے جبکہ انٹرچینج بانٹھ،چک بیلی روڈ،اڈیالہ روڈ،چکری روڈ اور ٹھلیاں کے مقام پر تعمیر ہوں گے۔