ملک میں بسنے والی اقوام اور سیاسی جماعتوں کے مابین روابط وقت کی اہم ضرورت ہے،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گواد ر)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خطرات ہیں ملک میں بسنے والی اقوام اور سیاسی جماعتوں کے مابین روابط وقت کی اہم ضرورت ہے،بلوچستان امن جرگہ نفرتوں کے خاتمے اور امن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا کردارادا کرتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 25مارچ کو ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے عشائیے کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔لالا یوسف خان خلجی نے کہا کہ پاکستان اسوقت شدید مشکلات کا شکار ہے مادر وطن کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خطرات ہیں جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں ملکر اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ ملک میں آباد اقوام کے درمیان نفرتوں کے خاتمے اوربھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کررہا ہے سیاسی جماعتوں،قبائلی عمائدین اور دیگرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے ہمیشہ اخوت اور رواداری کا درس دیا ہے اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے بھرپورکوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب اور بلوچستان کے عوام کا کاروباری گھر ہے کراچی کے امن سے پاکستان مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائدین نے 25مارچ کو کراچی میں بلوچستان امن جرگے کے قائدین کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا ہے جس میں بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے اکابرین شرکت کریں گے۔دریں اثناء بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی 21مارچ کراچی روانہ ہونگے کراچی میں قیام کے دوران وہ مختلف قبائلی عمائدین سمیت سیاسی قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے