عمران خان اب ایک بوجھ ہیں جسے کوئی نہیں اٹھا سکتا، مریم نواز
لاہور (ڈیلی گرین گواد ر) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب ایک بوجھ ہیں جسے کوئی نہیں اٹھا سکتا۔
مریم نواز نے ٹویٹ میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے سے پہلے، اس شوکاز نوٹس کا جواب دو جو پوری قوم نے آپ کو دے رکھا ہے، آپ نے پورے پاکستان کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں دھکیل کر اپنی جماعت کے کس رکن کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ عوام کا سامنا کرے؟۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ ایک بوجھ ہیں جو اب کوئی نہیں اٹھا سکتا، عوامی نمائندوں کے سامنے دو راستے ہیں، پہلا یہ کہ عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، دوسرا یہ کہ آپ کی ڈوبتی کشتی میں غرق ہو کر رسوائی اور بدنامی کی تاریخ کا حصہ بن جائیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر بقول آپکے 14 ارکان آپکا ساتھ چھوڑ گئے ہیں اور آپ نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیےہیں تو اسکامطلب یہ ہےکہ 342 کے ایوان میں165ارکان آپ کے ساتھ رہ گئےہیں۔گویا آپ اکثریت کھو چکے ہو۔آپ وزیراعظم کے منصب کا اخلاقی، قانونی اور آئینی جواز کھو چکے ہو۔اب اقتدار سےچپکے رہنے کا فائدہ؟۔