شیخ رشید اور فواد چودھری بھی عمران خان کیخلاف ووٹ ڈالیں گے، سعید غنی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے کہا ہے کہ اتحادی بھی آئیں تو عمران خان کا جانا ٹھہر گیا ہے، شیخ رشید اور فواد چودھری بھی عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالیں گے۔
پی پی میڈیا سیل میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ایم این ایز بھی سندھ ہاؤس میں رہ رہے ہیں۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ایم این ایز نے میڈیا کے سامنے آنے کا خود فیصلہ کیا، پی ٹی آئی کے اتحادی ہمارے ساتھ نہ بھی ہوں تو پھر بھی ہمارے نمبرز پورے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ گورنر سندھ عامر لیاقت حسین کے گھر گئے لیکن عامر لیاقت نے بھی واضح طور پر نہیں کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ اتحادی نہ آئیں تو پھر بھی اب عمران خان کا جانا ٹھہرگیا ہے، پی ٹی آئی کے کیمپ میں موجود لوگ بھی پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا روزانہ دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن اب غنڈہ گردی مزید نہیں چل سکتی ہے۔ ان کا واضح طور پر کہنا تھا کہ جو آپ ہمارے ممبرز کے ساتھ کرو گے، وہی ہم کراچی میں پی ٹی آئی ممبران کے ساتھ کریں گے۔
سعید غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی سلطنت کا خاتمہ ہونے جا رہا ہے، اب آپ بھی یہی کہیں گے کہ مجھے کیوں نکالا؟ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شرافت کا لبادہ اوڑھنے کی قسم نہیں کھائی ہے۔