حکومت کے دس، بارہ ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں : پرویز الہیٰ
رہنما ق لیگ پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کے دس، بارہ ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب بہت مضبوط اور پائیدار شخصیت ہیں، وہ جو جو بات کرتے ہیں اس پر قائم رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے اتحادی ہیں اس میں کوئی شک نہیں، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے معاملے میں کافی مشکلات تھیں، ابھی مشاورت کا عمل جاری ہے اور وقت بھی ہے، ایک تفصیلی بیٹھک اور ہو گی، حالات کی مناسبت سے فیصلے کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے اختلافات ختم کرانے میں کردار ادا کیا ہے جب کہ متحدہ اور بی اے پی کا جھکاؤ فی الحال اپوزیشن کی جانب ہے۔پرویز الہیٰ نے کہا کہ شیخ رشید حکومت کو تصادم سے بچنے کا مشورہ دیں، حکومت سے کوئی ڈر نہیں رہا، یہ جن کی طرف دیکھتے تھے ان کا بیان آ گیا کہ وہ نیوٹرل ہیں۔