بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شہربھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شہربھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہی جبکہ بازاروں اور مارکیٹس میں رش نہ ہونے کے برابر تھا جبکہ نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ شہر میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے کوئٹہ شہر میں فرنٹیر کوربلوچستان،پولیس،اے ٹی ایف کے مسلح دستے شہر میں گشت کرتے رہے جبکہ جگہ جگہ ناکے لگاکر مشکوک گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کی تلاشی کا سلسلہ بھی جاری رہاجبکہ پولیس اہلکار گھوڑوں پر گشت کرتے رہے اسی طرح بازاروں، مارکیٹ،حساس عمارتوں پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار تعینات کئے گئے تھے جنہیں مشکوک افراد،گاڑیوں اور اشیاء پر کھڑی نظر رکھنے کی ہدایات دی گئی تھیں،سیکورٹی تھریٹس کے باعث محکمہ تعلیم کے احکامات کی روشنی میں صوبے کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے ہونے والے پیپرز کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ دہشت گردی کے پیش نظر بازاروں اور مارکیٹس میں رش نہ ہونے کے برابر تھا جبکہ شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم تھی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے آج سے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو کھلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میٹر ک کے امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے۔