او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے اسلام آباد میں انارکی نہیں چاہتے، بلاول بھٹو
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے ہم اسلام آباد میں انارکی نہیں چاہتے، حکومت ہمیں نہ اکسائے۔
اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ اراکین قومی اسمبلی کو تشدد، گرفتاری اور عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ لینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی، عوامی نمائندوں کی زندگیاں، آزادی اور خاندان خطرے میں ہے، اراکین اسمبلی کو فسطائی حکومت سے اپنی حفاظت کے لیے ہر قسم کے اقدامات لینے کا حق ہے۔
بلاول زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم اراکین کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، ہم اپنے تمام پتے ظاہرنہیں کریں گے، انشاء اللہ کچھ دوست عمران خان کےالزامات کے جواب دیں گے جب کہ آئندہ دنوں میں مزید بھی سامنے آئیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے ہم اسلام آباد میں انارکی نہیں چاہتے، حکومت ہمیں نہ اکسائے۔