حکومت تعلیم کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے :میر نصیب اللہ مری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ نقل کا ناسور ہماری نوجوان نسل کو دیمک کی طرح تباہ کررہا ہے نقل کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں والدین اوراساتذہ کرام بھی نقل کی روک تھام میں حکومت کا ساتھ دیں،صوبے میں میٹرک کے امتحانات کیلئے 391سینٹرز قائم کئے ہیں جبکہ 1200کے قریب سپروائزر عملہ تعینات کیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول مشن روڈ اور گرائمر اسکول میں قائم میٹرک کے امتحانی سینٹرز کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری بورڈ عظیم ساجدی اور کنٹرولر بورڈ شوکت سرپرہ بھی انکے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اس سلسلے میں کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات2022کے سلسلے میں بلوچستان بھر میں 391سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ کوئٹہ میں 48میل اور21فیمیل سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں 1200سے زائد سپروائزری عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 1لاکھ 32ہزار 671طلباء و طالبات میٹرک کے سالانہ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نقل کا ناسور نوجوان نسل کو دیمک کی طرح تباہ کر رہا ہے امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اگر کوئی طالب علم نقل کرتے ہوئے پکڑاگیا تواسکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ والدین اوراساتذہ کرام کو بھی اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے صوبے بھر کے اساتذہ کی ٹریننگ کا عمل جلد شروع کیا جارہا ہے تاکہ وہ بہتر طریقے سے طلباء کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے تعلیمی سال کے شروع ہونے پر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اگر کوئی کتاب دستیاب نہیں ہے توجلد ہی اسکی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے