تحریک عدم اعتماد ایک آئینی اور جمہوری راستہ ہے،روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی تحریک اعتماد کے بعد سلیکٹڈ عمران نیازی اوراسکی ٹیم بوکھلاہٹ کاشکارہوچکی ہے ارکان پارلیمنٹ کو ووٹ ڈالنے سے روکنا انکی شکست کا واضح ثبوت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کو بلوچستان کے کونے کونے میں فعال اور منظم بنایا جائے گا عوامی لانگ مارچ میں شرکت کرنے پرضلع سبی کے عہدیداران اور کارکن داد کے مستحق ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستان پیپلزپارٹی ضلع سبی کے صدر حاجی غلام رسول سیلاچی، ریحان بگٹی، معراج رند کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ملک زیشان حسین، فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ، رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن شہزاد شاہوانی،صوبائی رہنما عصمت اللہ کاکڑ،پیپلز یوتھ ونگ کے نائب صدر رومیل خان غلزئی ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سیلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک عدم اعتماد کے بعد وزیراعظم اورانکے وزراسرعام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو دھمکیاں دے رہے ہیں عمران نیازی اپوزیشن کو دھمکیاں دینے سے تحریک عدم اعتماد سے بچ نہیں پائیں گے۔۔انہوں نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد ایک آئینی اور جمہوری راستہ ہے ارکان پارلیمنٹ جو فیصلہ دے وہ سب کو قبول کرنا چاہئے،تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ ایوان کے اندر ہے،عمران خان کہتے ہیں میں ایوان کے اندر نہیں ڈی چوک پر کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا مطلب ہے کہ کھیل آپ کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کا یہ کہنا کہ ہم ممبران کو ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے جو غیر جمہوری عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اورکسی بھی غیر جمہوری عمل کے خلاف بھر پور آواز بلند کریگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں مگر پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملکر انکی یہ کوشش ناکام بنادے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھار ی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بلوچستان کے کونے کونے میں فعال اور منظم بنایا جارہا ہے پارٹی کے عہدیداران اور کارکن بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے عوامی لانگ مارچ میں بھر پورشرکت کرنے پر ضلع سبی کے عہدیداروں اورکارکنوں کو داد دی۔