بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اورسرکاری ملازمین کے گرینڈ الائنس کی مرکزی قیادت کے درمیان مذاکرات کامیاب
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور سرکاری ملازمین کے گرینڈ الائنس کی مرکزی قیادت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے گرینڈ الائنس کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ نارواسلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ واقعے پر معذرت کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کے روک تھام کی یقین دہانی پر بی یو جے نے بیوگا کی کوریج کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کردیا سرکاری ملازمین کی متحدہ تنظیم گرینڈ الائنس کی مرکزی رہنماوں کا وفد داد محمد بلوچ کی قیادت میں میڑھ لے کر پریس کلب آیا۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید اور دیگر عہدیداروں سے مذاکرات کئے۔ گرینڈالائنس کی قیادت نے گزشتہ روز صحافیوں کے ساتھ رونما ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی انہوں نے یقین دلایا کہ مذکورہ شخص کی نشاندہی کیلئے بھرپور تعاون اور آئندہ ریلی اور جلسوں میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ اور عزت نفس عزیز ہے۔ امید ہے آئندہ اس طرح کے واقعات نہیں ہوں گے۔ گرینڈ الائنس کی قیادت کی یقین دہانی پر بی یو جے نے بیوگا کی کوریج کا بائیکاٹ ختم کردیا۔