ملک کی موجودہ صورتحال سرمایہ داروں اور مفاد پرستوں پر اندھے اعتماد کا نتیجہ ہے،مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال سرمایہ داروں اور مفاد پرستوں پر اندھے اعتماد کا نتیجہ ہے۔ عمران خان نے دیانت دار لوگوں کو چھوڑ کر لوٹے اور لٹیروں پر انحصار کیا جس کی وجہ سے مہنگائی بدعنوانی،قرضوں اور ملک وملت کی پریشانیوں میں بدترین اضافہ ہواہے۔ نظریاتی جدوجہد سے ہی حقیقی اسلامی پائیدارتبدیلی آسکتی ہے۔حکومت اور فرینڈلی اپوزیشن نے مسائل مشکلات میں بدترین اضافہ،غفلت کوتاہی،نااہلی سے عوام کا اعتماد کھودیاجماعت اسلامی ہی عوام کو مسائل ومشکلات کے گرداب سے نکال سکتی ہے۔ کئی دہائیوں سے بلوچستان کے عوام پر تجارت،روزگار،ترقی کے دروازے بند کیے گیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹیوں میں وراثتوں کی قیادت نے پاکستان کی جمہوریت کو بچہ جمہورا بنا دیا ہے جو اشاروں پر ناچتا ہے۔ ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بات کرتی ہیں نے کبھی شفاف پارٹی الیکشن کے ذریعے قیادت کا انتخاب نہیں کیا۔ استعمار کے وفاداروں، جاگیرداروں اور لوٹیروں نے ملک کے نظریاتی تشخص، معیشت اور جغرافیا کو تباہ کیا۔ سالہاسال سے آزمائے ہوئے لوگ ایک دفعہ پھر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کہہ رہی ہے کہ کنویں سے مردار نکالو توکنویں میں ڈول لٹکانے والے کہہ رہے ہیں کہ جماعت پیاسوں کا ساتھ نہیں دے رہی۔ پی ٹی آئی بھی سابقہ نااہل ناکام اغیار کے غلام حکومتوں کی فہرست میں شامل ہو چکی ہے اس لیے حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ جماعت اسلامی کسی ایسی پارٹی کا ساتھ نہیں دے گی جس نے ملک میں کرپشن کم کرنے کی بجائے بڑھاوا دیا اور مہنگائی اور بے روزگاری کا ایک طوفان برپا کیا۔ پی ٹی آئی نے بیڈ گورننس کی تاریخ رقم کی اور تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا۔ پی ٹی آئی سٹیٹس کو پارٹی ثابت ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد فرد کی بجائے نظام بدلنے کے لیے ہے۔ قوم سے اپیل ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔