صحافی غلام فاروق نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کرکے کارروائی کی جائے،بی یوجے

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے صحافی و ڈھاڈر پریس کلب کے فنانس سیکرٹری غلام فاروق کے اغوا نما گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور وزیراعلی بلوچستان اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی غلام فاروق کو رہا کیا جائے اگر اس نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کرکے کارروائی کی جائے۔ بی یو جے کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں بی یو جے کے صدر عرفان سعید جنرل سیکرٹری منظوراحمد سمیت تمام عہدیداروں نے صحافی غلام فاروق کے اغوا نما گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی غلام فاروق کے اہلخانہ نے بتایا ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس بلوچستان کی ٹیم نے تین روز قبل ان کے گھر پر چھاپہ مارا چادر و چاردیواری کی پامالی کی اور صحافی غلام فاروق کو اٹھاکر لے گئے جس کے بعد اس کا کچھ پتا نہیں چل رہا۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ہم کسی بھی قسم کے جرم کی پشت پناہی نہیں کرتے تاہم قانون پر عملدرآمد کے خواہاں ہیں، مذکورہ صحافی پر کسی قسم کے جرم کا الزام ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، صحافیوں کے خلاف ماورائے عدالت کارروائیوں پر صوبے کے تمام صحافیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر صحافتی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سی ٹی ڈی کی اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کررہی ہیں۔ بی یو جے کی جانب سے وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ صحافی غلام فاروق کو منظر عام پر لاکر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ تاکہ ملک اور صوبے کی دنیا میں بدنامی نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے