وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی، فیصل جاوید
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس 21 مارچ کو طلب کیا جائے گا جس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لیے ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی امور کی مشاورت سے اجلاس بلانے پر حتمی غور شروع کردیا جس کے بعد قومی اسمبلی اجلاس 21 مارچ کو طلب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں فیصلہ کن مرحلہ 25 مارچ کے بعد آئے گا، اسپیکر ایجنڈا کے مطابق ہی کارروائی آگے بڑھائیں گے، قومی اسمبلی ایجنڈا پر تحریک عدم اعتماد کے آجانے کے 7 دن کے اندر اندر آئینی طریقہ کار کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔قومی اسمبلی اجلاس کی باضابطہ کارروائی 23 مارچ کے بعد ہی چلے گی، قومی اسمبلی اجلاس او آئی سی اجلاس کے بعد باقاعدہ شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے، قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہی ہوگی۔
انشاء اللہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آزادی چوک اسلام آباد میں 27 مارچ بروز اتوار کو ہوگا-وزیراعظم عمران خان تاریخی خطاب کریں گے-تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کر بعد ہوگی-اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں بھرپور ناکامی ہوگی – وزیراعظم عمران خان پر اعتماد پلس ہو جائے گا
اس حوالے سے سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ 27 مارچ کو ہوگا جس سے عمران خان تاریخی خطاب کریں گے جب کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی جس میں اپوزیشن کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔