حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، عمران خان
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی زیادہ دلجمعی کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حالیہ صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔
وزیر اعظم عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں شوکت علی، شیر علی، ارباب راجہ، خرم شہزاد ، علی نواز اعوان، راشد شفیق، منصور حیات خان، ذوالفقار علی خان، کنول شوزب، بیگم شاہین سیف اللہ طورو، نفیسہ خٹک، نورین فاروق ابراہیم، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری اشفاق، حاجی یونس علی انصاری، میاں کاشف اشفاق شامل تھے۔وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں سے ورثہ میں ملنے والی دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا، ملکی معیشت سسٹین ایبل گروتھ کی راہ پر گامزن ہے، عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کریں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، حکومت درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان سے سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم کو ایوان بالا کی حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا گیا۔شہزاد وسیم نے کہا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن کی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو اسی طرح ناکام بنائے گی، جیسے اس سے قبل کئی موقعوں پر اس نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو شکست سے دوچار کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی زیادہ دلجمعی کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے پی ٹی آئی حالیہ صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔