جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج میں مختلف سیکٹرز کی ترقی کے لئے6 سو ارب روپے کے وفاقی و صوبائی منصوبے شامل ہیں،میر عبدالقدوس بزنجو

اسلام آباد/کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج کی پیشرفت کے جائزے کے لئے اپیکس کمیٹی کا اجلاس پلاننگ کمیشن اسلام آباد میں منعقدہ ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شر کت کی،چیف سیکریٹری اور دیگر حکام نے اجلاس کو پیکج میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج میں مختلف سیکٹرز کی ترقی کے لئے6 سو ارب روپے کے وفاقی و صوبائی منصوبے شامل ہیں،صوبائی حکومت نے اپنے 18 منصوبوں کی ہر فورم پر منظوری دے دی ہے،منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لئے صوبائی حکومت نے پی ایم یو قائم کیا ہے، انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے 161 منصوبوں سے 139 منصوبوں کی حتمی منظوری ہو چکی ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے منصوبوں کی پیشرفت کو تیز کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ ترقیاتی پیکج جنوبی بلوچستان کی ترقی اور پسماندگی کے خاتمے کی جانب اہم پیش رفت ہے جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج وفاقی حکومت کی جانب سے علاقے کے عوام کے لئے تحفہ ہے،وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیکج کے منصوبوں کے لئے بروقت اجراء کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی بلوچستان کے باشعور عوام کی جانب سے پیکج سے آگاہی اور عوامی ستائش خوش آئند ہے دور حاضر میں تیز رفتار ترقی کے لئے سمارٹ پلاننگ کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پیکج میں شامل بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے منصوبے سے روزگار کے مواقعو ں میں اضافہ ہو گا،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان سے شمالی بلوچستان ترقیاتی پیکج دینے کی درخواست کی ہے جنہوں نے شمالی بلوچستان ترقیاتی پیکج کے جلد اعلان کا وعدہ کیا ہے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیکج کے منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت تیز کرنے کے لئے وفاقی اور صوبائی محکموں میں مربوط روابط قائم کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے