سیاست کو بدنام کرنے والوں نے بدعنوانی میں اضافہ کر دیا ہے، مولاناعبدالحق ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ سیاست کو بدنام کرنے والوں نے بدعنوانی میں اضافہ کر دیا ہے۔ضمیر کی فروخت،اخلاص ایمانداری کے فقدان،عوام سے محبت نہ ہونے کی وجہ سے موجود ہ حکمران، ممبران اور اسمبلی کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں جماعت اسلامی کے ممبران اس بازارمیں بھی سرخرووکامیاب رہیں گے۔جماعت اسلامی آج ژوب میں مسائل ومشکلات اورپریشانیوں کے حل کیلئے عوامی دھرنا دیگی۔جماعت اسلامی پریشان حال مظلوم عوام کی توانا آوازبن گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ونام نہاداپوزیشن نے ملک و قوم کو سنگین بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے۔ملک وملت سے محبت،اخلاص ونیک نیتی نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن وکمیشن مافیا کامیاب ہورہے ہیں۔عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ حکومت کی کارکردگی سے عوام کے ساتھ ساتھ اتحادی بھی بدظن دکھائی دیتے ہیں۔کیسے نا اہل لوگ بر سراقتدار آچکے ہیں جو اپنے ہی لوگوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔وفاق کیساتھ بلوچستان حکومت کی کارکردگی سے حکومتی افراد بھی مطمن نہیں جماعت اسلامی بلوچستان کو خوشحال اورملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور بالادستی کی خواہشمند ہے۔ ہم کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں۔ملک کو 1973کے آئین کے تحت،اسلامی نظام کے قیام سے ہی آگے لے کر جا یا جا سکتا ہے۔ ملک آج جس نہج پر پہنچ چکا ہے اس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی بیڈ گورننس کا بنیادی ہاتھ اورامریکی مداخلت ہے لسانیت ومذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کیساتھ بڑی قومی جماعتوں نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔عوام سے وعدے کرنے والے کامیابی کے بعد عوام کو بھول جاتے ہیں ان ناکام نااہل باربار منتخب ہونے والے ممبران ولوگوں سے آئندہ بھی کسی قسم کے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی تحریک انصاف نے عوام کے جذبات کو بری طرح مجروع کیا ہے۔تبدیلی کی خاطر ووٹ ڈالنے والے ہی آج اس حکومت سے سخت ناراض دکھائی دیتے ہیں۔حکمرانوں نے کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں ہے جس کو پورا کیا ہو۔عوام کو گمراہ کرنے والوں کا انجام قریب ہے۔جماعت اسلامی ملک و قوم کو کرپشن سے پاک،پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے۔ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا ہے۔جماعت اسلامی کے لوگوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔