23مارچ سمیت ہر قسم کی تحریک چلانے کے لئے قائد جمعیت کے اشارے کے منتظر ہیں، مولانا عبد الرحمن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عمومی (جنرل کونسل) کا اہم اجلاس زیر صدارت جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوا،جس میں بلدیاتی انتخابات اور ممکنہ ملکی صورتحال پرغور اور ضلعی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، دو نشستوں پر مشتمل اجلاس میں سینکڑوں ممبران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مفتی محمد روزی خان،صوبائی سرپرست مولانا حافظ حسین احمد شرودی،مولانا قاری انوار الحق حقانی،حاجی بشیر احمد کاکڑ،حافظ مسعود احمد،حافظ شبیر احمد مدنی،مولانا خدائے دوست اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ سمیت ہر قسم کی تحریک چلانے کے لئے قائد جمعیت کے اشارے کے منتظر ہیں، بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا راستہ روک کر کلین سوئپ کریں گے،انہوں نے کہا کہ کرسی کو لڑکھڑاتے دیکھ کر وزیر اعظم دماغی توازن کھو بیٹھے، گالم گلوچ کی سیاست متعارف کرانے والے کا یوم حساب قریب آن پہنچا، ملک کی تباہی وبربادی کی انتہاء تک پہنچانے والوں کو بھاگنے نہ دیاجائے، ملک کو ازسرنو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے موجودہ ناکام حکمرانوں سے چھٹکارا ناگزیر ہوچکا ہے، تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے جمعیت علماء اسلام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اگر کوئی خفیہ سازش نہ کی گئی تو تحریک عدم اعتماد ضرور کامیاب ہوگی، انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھانے اور بلند وبانگ دعوے کرکے عوام کو امیدوں کے اندھیرے میں رکھا گیا اب چند سالوں میں ملک کو کئی برس پیچھے لے گیا، اب کرسی کو لڑکھڑاتے دیکھ کر اپنے دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں اس لیئے بازاری زبان استعمال کرنے لگے ہیں، انہوں نے کہا کہ مشرقی اور مغربی پاکستان میں وطن کا جھنڈا لہرانے والے اور بانی پاکستان کے شانہ بشانہ جدوجہد کرنے والے ہمارے اکابرین کے کردار کو نئی نسل تک نہیں پہنچایا گیا اور نہ ہی تعلیمی اداروں کے نصاب میں ان کو کوئی تذکرہ موجود ہے اور جوکہ تاریخ کے ساتھ ظلم اور ناانصافی ہے انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہر فورم پر مملکت خدا داد پاکستان کی بقا اور سالمیت کیلئے جنگ لڑی ہے بدقسمتی سے پاکستان کے ان محبین پر آج کفری قوتوں کے اشاروں پر عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے،پاکستان کی آزادی کے حصول کیلئے چالیس ہزار علماء کرام نے اپنے خون کے نذرانہ دے کر ملک کی آزادی اور بقا کو یقینی بنایا انہوں نے کہا پاکستان کی آزادی بڑی نعمت ہے آزادی کی قدر کرنی چاہیے لیکن بدقسمتی سے آج پاکستان کے مقدس ایوانوں پر ایسے لوگ مسلط ہیں جو دین اسلام کے خلاف قوانین لاکر ملک کی اساس اور بنیاد کو نقصان پہنچا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر فرد نے ملکی استحکام اور سالمیت ہرچیز سے مقدم ہے سب نے مل کر قومی ا یکجہتی اور ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے کردار ادا کر نا ہوگا انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ ہر دور میں وطن عزیز کی نظریاتی سرحدات کی حفاظت اور دفاع کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں 74 سالوں سے ملک وقوم کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے کرپشن کے الزامات لگانے والے خود کرپٹ اور کرپشن خو ر ٹولہ ثابت ہو گیا عنقریب ملک میں ایسے عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ملے گی انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان سے کوئی بالاتر نہیں ہے آئین پاکستان کی بالادستی اور عوام کی خودمختاری کیلئے ہر پاکستانی انا پرستی سے نکلنا ہو گا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رہنماء عبدالعزیز خان ایڈووکیٹ کی اہلیہ، مولانا حاجی عبد الرحمن عرف حاجی بابک، ممتاز قبائلی مشر حاجی لعل محمد بڑیچ سمیت دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی جوائنٹ سیکرٹری مولانا خورشید احمد مولانا محمد ایوب سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار حافظ سعدااللہ آغا سمیت اراکین عاملہ اور سابق عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی