حکومت مزید رہی تو معیشت، اور متوسط طبقے تباہ ہو جائیں گے، نواب ثناء اللہ زہری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں نے عوام کی تکالیف کا مدا وا کرنے کی خاطر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے، تحریک عدم اعتماد ہر صورت میں کامیاب ہوگی، ملک میں شفاف انتخابات ہوئے تو بھٹو کے نعرے بجیں گے، پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ میں کراچی سے لیکر جی ٹی روڈتک عوام نے گونیازی گو کا نعرہ لگادیا ہے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلا کر انہیں ریلیف فراہم کیا جائیگا، یہ بات انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کامیاب لانگ مارچ کیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت نے ثابت کیا ہے کہ عوام پیپلز پارٹی کیساتھ ہیں کراچی سے جی ٹی روڈ اور اسلام آباد تک عوام کا ٹھاٹے مارتا ہوا سمندر مارچ میں امڈ آیا تھا عوام نے مہنگائی سے نجات کے لئے گو نیازی گو کا نعرہ لگایا ہے اور اپوزیشن نے عوام کی آواز بنکر ظالم اور سلیکٹڈ وزیراعظم سے نجات دلانے کے لئے تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے انہوں نے کہا کہ ظالم حکومت نے عوام کو نا ن شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے آٹا،گھی، دالیں، سبزی اس قدر مہنگی کردی گئی ہیں کہ ایک چیز خریدنے کے بعد غریب آدمی کے پاس دوسری چیز خریدنے کے پیسے تک نہیں ہوتے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک ہر صورت میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی جس کے بعد ایک باعزت اور شریف آدمی وزیراعظم ہونگے جو نئے انتخابات کروائیں گے صاف و شفاف انتخابات ہونگے جن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی اور ہماری حکومت میں امریکہ فون بھی اٹھائے گا، مغرب عزت کریگا، آئی ایم ایف خود پاکستان کے پاس آئیگا، مہنگائی کم ہوگی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ڈیڑھ سال مزید دینا ملک کے ساتھ ذیادتی ہوگی اگر یہ حکومت مزید رہی تو معیشت، غریب اور متوسط طبقے تباہ ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ 10روز تک جاری رہنے والے عوامی مارچ کے نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے عوام نے جس طرح پذیرائی دی اس پر انکا شکر گزار ہوں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے