معاشرے کو درپیش سماجی اور معاشی بحرانوں کو تعلیم کے ذریعے ہی ختم کیا جاسکتا ہے،نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان پیس فورم کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ پسماندہ بلوچستان میں تعلیم کو عام کیا جائے، معاشرے کو درپیش سماجی اور معاشی بحرانوں کو تعلیم کے ذریعے ہی ختم کیا جاسکتا ہے بلوچستان میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر والدین، اساتذہ، سماجی کارکنوں کے نام جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے پسماندہ بلوچستان میں تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے وہ بچے جو اسکول جانے کی عمر میں کسی نہ کسی وجہ سے اسکول سے باہر ہیں انہیں اسکولوں میں داخل کرایا جائے اس سلسلے میں سماجی کارکنوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ توجہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کی جانب مبذول کرائیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کوبھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے داخلے کیلئے اسکول آنے والے والدین سے تعاون کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اسکولوں میں داخل ہوں اور پسماندہ سماج تعلیم کی طرف راغب ہوجائے۔انہوں نے،تاجر، مخیر حضرات، علاقوں کے معتبرین کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صاحب استطاعت طبقہ اپنے معاشی طاقت کے پیش نظر ان والدین کی مالی مدد کرے جو کسی نہ کسی وجہ سے اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنے سماج سے محبت کا واحد طریقہ ہے کہ ہم اپنے ہمسایوں، برداریوں، محلوں کے اسکول نہ جانے والے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ مجموعی طور پر ہمیں جن بحرانوں کا سامنا ہے اپنے سماج کو ان بحرانوں سے نکال سکیں کیونکہ سماجی اور معاشی بحران کو تعلیم ہی ختم کرسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے