اوپی ڈیزبحال نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تکالیف میں اضافہ حکومت کی نااہلی ہے ، ڈاکٹرآفتاب
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹرآفتاب کاکڑنے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں تاحال او پی ڈیز بحال نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تکالیف میں اضافہ حکومت کی نااہلی ہے گذشتہ پانچ ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے مریضوں اور عوام کی تکالیف میں اضافہ لمحہ فکر یہ ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پراعتماد فضا کے فقدان اور مخلصانہ اقدامات کی کمی کی وجہ سے احتجاج تاحال ختم نہیں کروایا جاسکاہے صوبائی پروموشن بورڈ کے گذشتہ چارسے پانچ اجلاسوں میں محکمہ صحت کے حکام کی عدم دلچسپی اور غیر حاضری سے دانستہ طور پر ترقی کے منتظر ڈاکٹروں کی پروموشن نہیں ہونے دی گئیں جو کہ محکمے کی ناہلی اور ناکام حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے،ڈاکٹرآفتاب کاکڑ نے کہا کہ سینئر اور تجربہ کارڈاکٹروں کو اقرباپروری اور ذاتی پسند وناپسند کی بنا پر عرصہ درازسے پوسٹنگ نہیں دی جاری اور اس کے برعکس واضع عدالتی احکامات کے باوجود جونیئر اور من پسند افراد کو تین سے چار اضافی چارج دئیے گئے ہیں جو انتہائی افسوسناک اور غیر قانونی اقدام ہے، محکمہ صحت کو درپیش مسائل کو قانونی، تحقیقی اورطبی اخلاقیات کے مطابق جائزہ لے کر حل کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لئے پی ایم اے بلوچستان کے جنوری 2021 میں محکمہ صحت میں اصلاحات کا پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ ہے محکمے کی جانب سے غور نہ کرنا افسوسناک ہے، پی ایم اے بلوچستان کا پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ ایڈہاک اور آئے روز خود ساختہ ناکام شدہ انفرادی تجربات سے بالاترمستقل بنیاد کی تجاویز پر مبنی ا ور مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے پی ایم اے بلوچستان ایک بار پھرحکومت بلوچستان سے محکمہ صحت اور کوئٹہ کے بڑے ہسپتالوں کی مکمل فعالی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔