تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کافیصلے کو خفیہ رکھا تھا، شہباز شریف
آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کل پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام(ف) اور مسلم لیگ(ن) اور ہمارے ساتھ منسلک اتحادی پارٹیوں کی طرف سے ہم نے مل کر مشاورت کی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ آج ہم تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کروائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ سال مل کر تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا تھا جس کو خفیہ رکھا گیا تھا۔ہم نے اس بات کو خفیہ رکھا تھا اور اس کی سب نے پاسداری کی، آج تمام جماعتوں نے ریکویسیشن اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپنے اراکین سے دستخط لیے اور آج ہم نے اس کو جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، بیروزگاری بڑھ رہی ہے، قرضے لے کر ملک کے 22کروڑ عوام اور ہماری نسلوں کو گروی رکھ دیا گیا ہے اور ان کھربوں کے عوض بھی اس ملک میں ایک بھی نئی اینٹ لگی ہوئی نظر نہیں آتی۔