بلوچستان نیشنل پارٹی کی قیادت میں احتجاجی ریلی، بلوچ طلباء پرتشدد اورتمام مسنگ پرسنزکے بازیابی کا مطالبہ
خضدار(ڈیلی گرین گوادر) اسلام آباد میں بلوچ طلباء پر تشدد کے خلاف اور لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کال پر بی این پی ڈسٹرکٹ خضدار کے پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی تحصیل صدر سفرخان مینگل کی قیادت میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیاگیا، احتجاجی ریلی بی این پی کے ضلعی سیکرٹریٹ سے نکل کر مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب کے سامنے دھرنے کی شکل اختیار کی۔ احتجاجی دھرنے میں اسلام آباد میں بلوچ طلباء پر تشدد اور ماورائے آئین و قانون جبری گمشدگیوں کی مذمت اور تمام مسنگ پرسنز کے بازیابی کا مطالبہ کیاگیا۔ احتجاجی ریلی میں لاپتہ سعداللہ بلوچ کے والد اور بچوں سمیت دیگر لاپتہ افراد کے چھوٹے چھوٹے بچے بھی شریک تھے۔ جو لاپتہ افراد کے تصاویر اٹھائے ان کی بازیابی کا مطالبہ کررہے تھے۔ احتجاجی ریلی سے بی این پی خضدار ڈسٹرکٹ کے پریزیڈنٹ شفیق الرحمٰن ساسولی، تحصیل خضدار کے پریزیڈنٹ سفرخان مینگل، سابق ضلعی سینئرنائب صدر حیدر زمان بلوچ، سابق تحصیل صدر میر محمدصادق غلامانی، سابق تحصیل آرگنائزر سید سمیع اللہ شاہ، ضلعی لیبر سیکرٹری علی احمد شاہوانی، تحصیل باغبانہ کے سینئرنائب صدر عبدالغنی عمرانی، تحصیل خضدار کے سینئر نائب صدر محمد اکبر جتک، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد بخش مینگل و دیگر نے خطاب کیا۔