افضل چن پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے،حکومت اس وقت شدید دباؤ میں ہے، بلاول بھٹو زرداری
لاہور: تحریک انصاف کے منحرف رہنما ندیم افضل چن پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت اس وقت شدید دباؤ میں ہے، ہم اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لے آئیں گے۔پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرادی، پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اور وزیراعظم عمران خان کے سابق ترجمان ندم افضل چن پیپلز پارٹی میں باضابطہ طور پر شامل ہوگئے۔ آج ندیم افضل چن ںے اس بات کا باضابطہ اعلان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ندیم افضل کو پیپلز پارٹی میں واپس آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، ندیم افضل صاحب ہمارے بھائی ہیں جو گھر واپس آگئے ہیں، انہوں ںے ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے لیے کام کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت اس وقت شدید دباؤ میں ہے، حکومت کو پہلے بھی قومی اسمبلی میں شکست دی تھی اور اب بھی دیں گے، اس لیے تحریک عدم اعتماد کے آنے سے قبل ہی عمران خان مستعفی ہوجائیں اگر وہ استعفی نہیں دیتے تو اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لے کر آئیں گے بلاول نے کہا کہ حکومت کے لیے تحریک عدم اعتماد بڑا امتحان ہے، تحریک عدم اعتماد کے وقت پتا چل جائے گا کہ کون نیوٹرل ہے اور کون نہیں، ہم حکومت کو ڈیڈ لائن دے رہے ہیں کہ عدم اعتماد کے ووٹ سے قبل وزیراعظم مستعفی ہوجائیں اور اسمبلیاں توڑ دیں