اسکولوں میں داخلہ مہم کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے،مہراللہ بادینی
قلات (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی نے کہا کہ اسکولوں میں داخلہ مہم کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ترقی یافتہ قومیں تعلیم سے ہی ترقی کرتی ہیں،انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے اور تعلیم یافتہ شخص کو جاہلوں پر برتری حاصل ہے لہٰذا ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم کی زیور سے آراستہ کرکے ان کی زندگی سنوارنی ہے،انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم کا مقصد بھی یہی ہے کہ عوام خصوصاً والدین میں یہ شعور بیدار کیا جائے تاکہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں،علم کو انسان کی تیسری آنکھ کہا جاتا ہے اور تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی حاصل نہیں کر سکتی ہے کیونکہ آج دنیا میں وہی قومیں ترقی یافتہ ہیں جنہوں نے تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اسے اپنا ہتھیار بنایا اور اسی کی طاقت کی بدولت آج وہ دنیا بھر میں حکمرانی کر رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور صوبے بھر میں بچوں اور بچیوں کو اسکول میں داخل کروانے کے لئے خصوصی مہم چلا رہی ہے تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں اور معاشرے کے تمام افراد صوبہ سے جہالت کے خاتمہ کے لئے حکومت کی مدد کریں،انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں علم کے بغیر کوئی بھی کامیابی حاصل کرنا سہل نہیں ہمیں اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کروانا ہوگا تاکہ وہ پڑھ لکھ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں،انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں داخلہ مہم کے ساتھ ساتھ سہولیات کی بہتری کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔