پشاورواقعہ،ملوث ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے،شیخ رشید
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پشاور واقعے میں ملوث ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے اور پولیس جلد ان تک پہنچ جائے گی۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے پشاور دھماکے پرویڈیو بیان جاری کیا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پشاور واقعے میں ملزمان کی شناخت ہوچکی ہے،خیبرپختونخوا پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے زبردست کام کیا۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ پشاور واقعے کے تینوں ملزمان تک پولیس جلد پہنچ جائے گی۔سیاسی معاملات پرشیخ رشید نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے پاسپورٹ کی کوئی درخواست وزارت داخلہ کو نہیں ملی۔اپوزیشن سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا بہت شور مچایا جارہا ہے،ابھی تک تو قومی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع نہیں ہوئی، اپوزیشن عوام میں غلط فہمی پیدا نہ کرے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک قدرتی آفتوں سے برباد نہیں ہوتے،انتشار سے تباہی ہوتی ہے، اپوزیشن اسمبلی میں جو مرضی تحریک لے آئے، پہلے بھی اپوزیشن کو شکست ہوئی تھی اور اب بھی ہوگی جبکہ وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔پشاورکی کوچہ رسالدار امام بارگاہ میں مرنےوالوں کی تعداد63 ہوگئی ہے۔ہفتے کولیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیرعلاج 6 زخمی دم توڑ گئے۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 63 ہوگئی۔لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 32 زخمی مختلف وارڈز میں زیرِعلاج ہیں جن میں5کی حالت تشویش ناک ہے۔
حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔واقعے کی ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں۔ایف آئی آر میں دھماکے کو خودکش قرار دیا گیا ۔مقدمہ ایس ایچ او تھانہ خان رازق کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں گھس کر پہلے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ کے بعد خود کش حملہ نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ خودکش حملہ آور رکشے میں سوار ہوکر کوچہ رسالدار آیا۔ خودکش حملہ آور کے ساتھ سہولت کار بھی نظر آرہے تھے جب کہ خودکش حملہ آور اور سہولت کار پیدل مسجد کی طرف گئے۔ابتدائی تحقیقات میں سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن ٹیم نے2مشبہ افراد کو گرفتار کرلیا ۔رکشہ میں آنےوالےخودکش حملہ آوراورسہولت کاروں کےاسکیچزمکمل کرلئے گئے ہیں۔یہ بات سامنےآئی ہے کہ حملہ آور نے پہلا فائر پولیس اہلکار پر کیا،خودکش جیکٹ میں بال بیئرنگ زیادہ استعمال کئےگئے،جبکہ دھماکے کے مقام سے گولیوں کے7 خول برآمد ہوئے۔