بسیمہ تا خضدار زیرتعمیر سی پیک روڈ N-30 پر جاری تعمیراتی کام رکوادیا گیا
خضدار(ڈیلی گرین گوادر)بسیمہ تا خضدار زیر تعمیر سی پیک روڈ N-30 پر جاری تعمیراتی کام رکوادیا گیا۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے رہنماوں نے فیروز آباد، نال، گریشہ اور کودہ کے علاقوں میں مختلف مقامات سے تعمیراتی کام میں مصروف مشینری کو معاوضوں کی ادائیگی تک کام کرنے سے روک دیا۔ دریں اثناء جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے نال صمند کے مقام پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اور متاثرہ زمینداروں سے ملاقات کی اور معاوضوں کے معاملہ پر احتجاج کو جائز اور قانونی قرار دیتے ہوئے متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔میر یونس عزیز زہری نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دو سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرہ زمیندار معاوضوں سے محروم ہیں۔جب انتظامیہ اپنی زمہ داریوں سے پہلو تہی کرتے ہوئے مسائل سے جشم پوشی اختیار کرے تو احتجاج کرنا عوام کا جمہوری و آئینی حق بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاوضوں کے معاملے کی اب وہ خود نگرانی کر رہے ہیں اور بہت جلد متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائیگی۔انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ چند ہی دنوں میں اس حوالے سے اجلاس طلب کرکے درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کر دیاجائیگا تاکہ معاوضوں کی رقم فوری طور پر متاثرین میں تقسیم کی جاسکے۔اس موقع پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خضدار کے جنرل سیکریٹری ٹکری بشیر احمد جتک، بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر میر شفیق الرحمان ساسولی، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنماء مولانا محمد صدیق مینگل,بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی ترجمان محمد یونس گنگو، انجمن تاجران خضدار کے رہنماء آغا سمیع اللہ شاہ، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی رہنماء میر نورالدین چھٹہ، جے یو آئی نظریاتی کے رہنماء مولانا عبدالغفور کرخی، جھالاوان زمیندار ایکشن کمیٹی کے چئیرمین عبدالوہاب غلامانی، ٹرانسپورٹ یونین خضدار کے رہنماء بشیر احمد حلیمی و زمیندار بڑی تعداد میں موجود تھے۔