کراچی میں دو روز قبل کورٹ میرج کرنے والا نوجوان پانچ منزلہ عمارت سے گر کر ہلاک
کراچی : لیاقت آباد سی ون ایریا میں دو روز قبل کورٹ میرج کرنے والا نوجوان پانچ منزلہ عمارت سے گر کر ہلاک ہوگیا، والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کو پولیس نے عمارت سے دھکا دیا۔ عمارت سے گرنے والے نوجوان کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔ اس حوالے سے ایس ایچ او سپر مارکیٹ ریاض نے بتایا کہ متوفی کی شناخت نبیل کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق متوفی نے شریف آباد کی رہائشی لڑکی سے دو روز قبل کورٹ میرج کی تھی اور اس کے خلاف لڑکی کے اہلخانہ نے اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا لیکن لڑکی نے نبیل کے حق میں بیان دیا تھا۔انھوں نے بتایا کہ جمعرات کی شب شریف آباد انویسٹی گیشن پولیس رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پر نبیل کے گھر اس کے والد کا بیان لینے آئی تھی اس دوران نبیل گھر پر موجود تھا اور وہ عمارت کی چھت پر چلا گیا تاہم اس بات کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی کہ اس نے خوفزدہ ہو کر عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے یا وہ اتفاقیہ طور پر گرا ہے یا پھر اسے کسی نے دھکا دیا تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔نوجوان کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ شریف آباد انویسٹی گیشن کے پولیس افسر نے ان کے گھر آنے کے بعد بیٹے کوپانچویں منزل سے دھکا دے کر قتل کیا، ایس ایس پی سینٹرل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔