صوبے میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کو وسعت دے رہے ہیں، خلیل جارج
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہا ہے کہ صوبے میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات کو وسعت دے رہے ہیں، جلد بلوچستان میں انسای حقوق پر عالمی کانفرنس منعقد کرائیں گے جس کیلئے انسانی حقوق کے معروف بین الاقوامی اداروں کے دورے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں وفاقی وزارت انسانی حقوق کے ریجنل ڈائریکٹر محمد یوسف شاہ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران ریجنل ڈائریکٹر وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد یوسف شاہ نے پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ اور بتایا کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزارت انسانی حقوق نے 79 واقعات کا نوٹس لیا ان واقعات میں 138 افراد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متاثر ہوئے۔ ڈائریکٹر انسانی حقوق محمد یوسف شاہ نے بتایا کہ وفاقی وزارت انسانی حقوق انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متاثرہ افراد کو مالی امداد بھی فراہم کررہا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے وفاقی وزارت انسانی حقوق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبے کے درمیان بہتر روابط سے انسانی حقوق کے تحفظ اور آگاہی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہ محکمہ برائے اقلیتی امور صوبے میں انسانی حقوق پر جلد عالمی کانفرنس منعقد کرائے گی۔ اس سلسلے میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے معروف بین الاقوامی اداروں کے دورے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا عالمی سطح کی کانفرنس کے انعقاد میں وفاقی وزارت انسانی حقوق کا تعاون درکار ہوگا۔ جس پر ریجنل ڈائریکٹر وفاقی وزارت انسانی حقوق محمد یوسف شاہ نے انہیں یقین دلایا کہ وفاقی وزارت انسانی حقوق صوبے میں عالمی کانفرنس کے انعقاد میں بھر پور معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری کی جانب سے انسانی حقوق سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے ادارے کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق فروری 2022 کی رپورٹ پارلیمانی سیکرٹری کو پیش کی۔