سبی میلہ مقامی کاشتکاروں اورمالداروں کوایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تاریخی سبی میلہ مویشیاں واسپاں کے سالانہ انعقاد کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان میں یہ میلہ ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے جہاں نہ صرف صوبے بلکہ ملک بھر سے لوگوں کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے سبی میلہ مقامی کاشتکاروں اور مالداروں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے اور اس تاریخی میلے میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے سٹالز بھی لگائے جاتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ صوبے اور ملک بھر سے فنکار بھی اس میلے میں بھرپور انداز سے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں جو ہر سال اس سالانہ میلے کی رونق کو دوبالا کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبی میلہ قومی یکجہتی،علاقائی ثقافت اور امن کے تمام رنگوں سے سجا عظیم الشان تاریخی میلہ ہے یہ میلہ صوبے میں معیشت اور تفریح کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے اس میلے کی توسط سے صوبے کے مالداروں کو اپنے مویشیوں کے لیے سے ایک بہترین منڈی دستیاب ہوتی ہے جہاں سے ملک بھر کے خریدار اس میلے میں اچھے اور نایاب نسل کے جانوروں کی خریداری کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تاریخی سبی میلہ امن کا درس اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قدیم میلہ ہے جو ہمیشہ سے مالداروں اورکاشتکاروں سمیت سرمایہ کاروں کے لیے بھی ایک منفرد جاذبیت رکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبی کے لوگ امن پسند اور محب وطن ہیں جو ہر سال اس سالانہ میلے کا انعقاد باقاعدگی سے کرتے ہیں اور اس میلے کے انعقاد کے ذریعے ہر قسم کے تخریب کار عناصر کی نفی کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی میلے میں بھرپور انداز سے شرکت کرتے ہوئے اس میلے کی پذیرائی میں اضافہ کریں وزیر اعلیٰ نے سبی میلے کے بہترین انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے