بلوچستان کو اس وقت ملک دشمن عناصر کی سازشوں کا سامنا ہے، سید حسنین ہاشمی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں ملک اور بلوچستان ترقی مخالف عناصر کا ہاتھ ہے امن کے دشمن عناصر کو قومی یکجہتی کے ساتھ ہی شکست دی جا سکتی ہے بلوچستان کے نوجوان تعلیم اور ہنر حاصل کر نے پر توانائیاں صرف کر کے صوبے میں دیر پا امن و استحکام کے ضامن بنیں،یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، سید حسنین ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت ملک دشمن عناصر کی سازشوں کا سامنا ہے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں وہ عناصر ملوث ہیں جو بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی اور خوشحالی کی راہ سے بھٹکا کر بد امنی کے راستے پر لے جانا چاہتے ہیں لیکن بلوچستان کے باشعور عوام نے پہلے بھی ان عناصر کو مسترد کیا اور آئندہ بھی انہیں مسترد کریں گے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات بلوچستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں ہمیں ان حالات سے نبر د آزما ہونے کے لئے ابھی سے تیاری کرنی ہوگی حکومت اور عوام ملکر قوم یکجہتی کے ذریعے ہی بلوچستان میں امن و استحکام قائم کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اقتصادی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے اقدامات اٹھانا ناگزیر ہوچکا ہے لہذا صوبے میں نوجوانوں پر سرمایہ کاری کی جائے جبکہ نوجوان بھی تعلیم و ہنر حاصل کر کے اپنے آپ کو بااختیار بنائیں تاکہ وہ کسی کی محتاجی کے بجائے خود کفیل ہوکر صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔