وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے عہدے سے استعفی دے دیا ہے، سردار یار محمد رند وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قدرتی وسائل بلوچستان تھے۔
اپنے استعفے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا تھا، یہ میرا حتمی فیصلہ ہے، میں صرف نوٹیفکیشن کی حد تک معاون خصوصی تھا، مجھے کوئی اختیار حاصل نہیں تھا، مجھے بلوچستان پر کسی بھی اجلاس میں بلانے کی زحمت نہیں کی گئی، وفاقی وزراء نے بھی کبھی بلوچستان پر ہونے والے کسی اجلاس کے لیے کبھی رابطہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ 23 مارچ 2019 کو وزیراعظم عمران خان نے سردار یار محمد رند کی معاون خصوصی تعیناتی کی منظوری دی تھی، انہیں بلوچستان سے متعلق وزارت آبی وسائل اور وزارت پٹرولیم کے معاملات دیکھنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔