بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کو عام کرنا ہے،حاجی نور محمد دمڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سینئر صوبائی وزیر خزانہ نورمحمددمڑ نے بلوچ کلچر ڈ ے پربلوچ بھائیوں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر خزانہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بلوچستان کی ثقافت امن کی ثقافت ہے۔ جنوبی بلوچستان میں بھی بلوچ کلچر ڈے بھر پور طریقے سے منا یا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے منانے کا مقصد محبت، بھائی چارے اور یگانگت کو عام کرنا ہے۔بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں بلوچ کلچر ڈے منا کر بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اپنی ثقافت کو یاد رکھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں اور پاکستان کی دیگر ثقافتوں کی طرح بلوچ کلچر میں بھی محبت اور حب الوطنی کے خدوخال نمایاں ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بلوچستان کی ثقافت اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے اور بلوچستان تہذیب و تمدن کا مسکن رہا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچ کلچر ڈے کی طرح دیگر ثقافتوں کے دن بھی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔