ملازمین کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے، میر نصیب اللہ مری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیرتعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ٹیچر زاوردیگرملازمین کے جائز مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے 35سال بعد بلوچستان کے1500کے قریب ایس ایس ٹی ٹیچرز کی اپ گریڈیشن اور کیچ تربت کے معطل 114اساتذہ کو بحال کردیاگیا،جے وی ٹی اور جے ای ٹی اساتذہ کی اپ گریڈیشن کی سمری پر لاء ڈیپارٹمنٹ نے اعتراض لگایا تھا سیکرٹری تعلیم کو دوبارہ تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،کمیونٹی اساتذہ کو مستقل کرنے کے حوالے سے گورنر بلوچستان سے بات کی ہے انشاء اللہ انکا مسئلہ بھی جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کو جونیئر ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے پریس کلب کے سامنے لگائے گئے احتجاجی کیمپ اور کمیونٹی اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں صوبائی حکومت اساتذہ اوردیگر ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے محکمہ تعلیم نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 1500کے قریب ایس ایس ٹی ٹیچرز کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے اسی طرح کئی ماہ سے احتجاج کرنے والے کیچ تربت کے معطل 114اساتذہ کو دوبارہ انکی ملازمت پر بحال کیا گیا ہے ہماری کوشش ہے کہ جے وی ٹی اورجے ای ٹی اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا مسئلہ بھی جلد حل ہوجائے محکمہ تعلیم نے ایک سمری بھیجی تھی جس پر لاء ڈیپارٹمنٹ نے اعتراض لگایا ہے میں نے سیکرٹری تعلیم کوہدایت کردی ہے کہ اپ گریڈیشن کی سمری فوری طور پر دوبارہ تیارکی جائے اور میری کوشش ہوگی کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمیت انکے دیگر جائز مطالبات فوری طور پر حل کئے جائیں اس سلسلے میں جونیئرٹیچر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی ڈائریکٹر سے ملاقات کرائی جائے گی تاکہ مل بیٹھ کر مسائل حل کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں اور طلبا کو تعلیم کی فراہمی میں اپنا کردارادا کریں۔انہوں نے کہاکہ اساتذہ اوردیگر ملازمین کی حاضری پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جو بھی استادیا دیگر ملازم ملازمت سے غیر حاضر پایا گیا تواسکے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میر نصیب اللہ مری نے کہاکہ کمیونٹی اساتذہ کی مستقلی کے حوالے سے کمیونتی اساتذہ کے نمائندوں کی گورنر بلوچستان سید ظہور آغا سے ملاقات کرائی ہے اورانشاء اللہ جلد ہی کمیونٹی اساتذہ کے مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میری اساتذہ سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ہڑتال ختم کرکے اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنائیں۔