دالبندین میں سیکیورٹی فورسز کا چھاپہ، کروڑوں روپے کی منشیات برآمد

دالبندین (ڈیلی گرین گوادر) اے این ایف اور ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر دالبندین کے قریب ماشکیل کے غیر آباد علاقے میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی، اسمگلرز کی چھاپہ مار ٹیم پر فائرنگ سے اہلکار محفوظ رہے، منشیات گوادرکے راستے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی۔حکام کے مطابق اے این ایف بلوچستان نے منشیات اسمگلرز کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع ملنے پر ایف سی کے ساتھ مل کر ماشکیل کے غیر آباد علاقے میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے ٹیم پر فائرنگ شروع کردی تاہم جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان فرار ہوگئے۔

ٹیم نے سرچنگ کے دوران 2 ہزار 3 سو 60 کلو گرام، منشیات اور کیمیکل برآمد کرلیا جس میں 1200 کلوگرام افیون، 160 کلوگرام چرس اور 1 ہزار لیٹر ایسیٹک اینہائیڈرائڈ ( ہیروئین بنانے والا کیمیکل )شامل ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ منشیات گوادر کے راستے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی جسے اے این ایف پولیس اسٹیشن منتقل کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیر وزارت انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل غلام شبیر ناریجو نے چھاپہ مار ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے