بلوچستان کے لوگ بھی وہی جوش و جذبہ رکھتے ہیں جو جذبہ سندھ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے پاس ہے، نواب ثناء اللہ زہری

خضدار(ڈیلی گرین گوادر) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان کے لوگ بھی وہی جوش و جذبہ رکھتے ہیں جو جذبہ اور جوش سندھ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے پاس ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں جس طرح سمندر نماء قافلہ باہر نکلاہے اور اسلام آباد کی طرف مارچ کررہاہے ان میں جھالاوان و بلوچستان کی موجیں بھی شامل ہیں اور اس سمند ر کوکنارے لگا کر موجودہ عوام دشمن حکمرانوں سے قوم و ملک کو نجات دلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ بلوچستان کے پہاڑ قصبے دیہات اور بیاباں اور وادیوں سے نکل کر بڑی تعداد میں لوگ آج سکھر میں بلاول بھٹو کی قیادت میں لانگ کے سفر کا بقیہ حصہ مکمل کریں گے۔ منگل کے روز خضدارسے نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا قافلہ لانگ مارچ کے لئے نکلا جہاں خضدار کے علاقہ کرخ میں نواب ثناء اللہ خان زہری نے مختصر خطاب بھی کیا۔ قافلے میں پیپلز پارٹی خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری جنرل سیکریٹری محمد اسماعیل زہری پی پی پی کے سینئر رہنماء ملک عبداللطیف شاہوانی نصر اللہ شاہوانی میر فیصل زہری سردار زادہ سیف اللہ عمرانی میر عبدالکبیر قمبر مینگل زاہد زہری انجینئر علی احمد موسیانی سمیت کثیر تعداد میں کارکنان و رہنماء شریک تھے۔ جب کہ کرخ سے پی پی پی کے رہنماء وڈیرہ محمد فاروق جاموٹ میر جمعہ خان شکرانی سمیت دیگر رہنماء اور ورکرز اس قافلے میں شامل ہوئے۔ خضدار میں پی پی پی خضدار کے صدر میر عبدالرحمان زہری محمد اسماعیل زہری ملک عبداللطیف شاہوانی و دیگر نے ذرائع ابلا غ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج خضدار سے لانگ مارچ میں شامل ہونے والے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے جب کہ سینکڑوں گاڑیاں اس قافلے میں شامل ہیں جو نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں سکھر سے لانگ مارچ کا حصہ ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور پارٹی فعال ومضبوط ہے ایک دوسرے کے ساتھ معمولی اختلاف رکھنا جمہوریت کا حصہ ہے۔ خضدار میں لانگ مارچ میں قافلے کے شرکاء سے کرخ میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی حقیقی معنوں میں ملک بھر کے عوام کی نمائندگی کررہی ہے موجودہ عوام دشمن حکمرانوں کے خلاف پی پی پی نے جس طرح لانگ مارچ کا اعلان کیا اور اس پر کاربند رہ کر عملدرآمد شروع بھی کردیا ہے 27فروری سے شروع ہونے والالانگ مارچ ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر کی طرح اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے اور کراچی سے نکلنے والا قافلہ سندھ کے مختلف شہروں سے ہوتا ہواآگے بڑھ رہا ہے جس میں قافلے جوق درجوق شامل ہورہے ہیں اور قوم کی جانب سے پیپلز پارٹی کو بھر پورانداز میں پذیرائی مل رہی ہے۔ جھالاوان سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اس قافلے میں شامل ہونے کے لئے ونگو کے راستے رواں دواں ہیں دوسرا قافلہ کوئٹہ سے نکلا ہے جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہیں۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھاکہ میں نے ہمیشہ کردار کو مقدم رکھا اور عوام کے لئے وہی کرگزرا جو ان کا حق تھا، مختصر مد مت میں عوام کی احساسِ محرومی کم کرنے کی کوشش کی اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے خدمات سرانجام دیئے۔ کرخ کے عوام کو بجلی کی سہولت دی اس حوالے سے میں نے ان سے جو وعدہ کیا تھا الحمد اللہ بتدریج اس وعدے پر عمل بھی کرتا رہا اور عوام کو ان کا حق مل گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے