اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے،بلاول بھٹوزرداری

کراچی(ڈیلی گرین گوادر)پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے، اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔

کراچی میں عوامی مارچ کے آغاز پر مزار قائد کے باہر کارکنوں سے خطاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ نےعوام کے ووٹ اور پیٹ پر ڈاکا مارا، کٹھ پتلی کے گھر جانے کا وقت آگیا، ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو رہا ہے۔ کراچی منی پاکستان ہے جہاں ہر صوبے اور ہر زبان کے بولنے والے بستے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہ عمران خان نے ہر صوبے کے حقوق پر ڈاکے مارے ہیں جب کہ مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کے ہاتھ باندھے ہوئے ہيں، لیکن سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی ايم ايف ڈيل کی وجہ سے ملک ترقی نہيں کرسکتا۔ ہم اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ بڑی تعداد میں مزار قائد کے باہر جمع ہیں۔ نالائق نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے حق پر ڈاکہ مارا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ کٹھ پتلی کو جانا ہے۔ معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ ہم قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کے لیے نکلے ہیں اور ہم نہ صرف 1973 کے آئین کا تحفظ کریں گے بلکہ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا بھی تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوا ہے وہ پیپلز پارٹی دور میں ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ کر یں گے لیکن 3 سال میں عمران خان نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ سلیکٹڈ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھگائیں گے اور عوامی حکومت آئے گی۔ پھر سارے صوبوں کو ان کا حق ملے گا لیکن جب تک یہ کٹھ پتلی ہے ترقی نہیں ہو سکتی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد لے کر آئیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جب ہم نکلیں گے تو بنی گالہ سے چیخیں نکلیں گی اور اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا آخری پڑاؤ راولپنڈی میں ہوگا، جہاں پیپلزپارٹی آج بھی جلسہ منعقد کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے