15مارچ تک تحریک عدم اعتماد لائیں گے،سردار سربلند جوگیزئی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و عوامی مارچ کے صوبائی کنونیئر سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ 27فروری کو پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ عوام کا سمندر اسلام آباد کی جانب گامزن ہوگا 15مارچ تک تحریک عدم اعتماد لائیں گے جس کے بعد عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے جلد ہی شیخ رشید سمیت دیگر لوگوں کی بولی تبدیل ہوجائیگی لانگ مارچ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ آئی تو اسے عبور کر کے اسلام آباد پہنچیں گے،یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں عوامی لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفر نس کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام محی الدین رند،ڈپٹی اطلاعات سیکرٹریز قاسم خان آچکزئی، ملک زیشان حسین،رابطہ سیکرٹری ربانی خان خلجی،میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان آچکزئی، ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سردار عمران بنگلزئی، کوئٹہ ڈویڑن کے صدر خیر محمد ترین،سپورٹس ونگ کے صدر شہزادہ کاکڑ، ضلع خاران کے صدر شیرباز ساسولی، سینئر جیالہ محمد اعجاز ودیگر بھی موجود تھے۔ سردار سربلند جوگیزئی نے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹوزردار ی کی قیادت میں 27فروری کو عوامی مارچ کا قافلہ کراچی سے روانہ ہوگا، کوئٹہ اور خضدار سے پیپلز پارٹی کے قافلے یکم مارچ کو صبح 9بجے سکھر کے لئے روانہ ہونگے جو اسی روز شام کو سکھر میں مرکزی قافلے اور جلسے میں شامل ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے 15ہزار کارکن عوامی مارچ میں شرکت کررہے ہیں جبکہ پارٹی کا ایک کارکن اعجاز احمد موٹر سائیکل پر اسلام آباد تک کا سفر طے کریگا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے نوجوان بے روزگار ہیں، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں ملازمین تنخواہوں میں کمی کی وجہ سے گزر بسر نہیں کر پار ہے ہیں عوام کی طاقت سے پیپلز پارٹی جلد اس حکومت سے چھٹکارا حاصل کریگی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی مارچ کو سیکورٹی فراہم کر نے کے لئے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنران کو روٹ کے ساتھ درخواست بھیج دی گئی ہے پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ پر امن ہوگا ہم ایک گملہ بھی نہیں توڑیں گے عوام ہمارے ساتھ ہے حکومت کی کوششیں ہیں کہ رکاوٹیں پیدا کی جائیں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو اسے عبور کریں گے ہمیں حکومتی رکاوٹوں سے کوئی سروکار نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری سیاسی جماعت ہے ہم آئینی اور جمہوری انداز میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے اور آئینی طریقے سے حکومت کی چھٹی کریں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی بولی اقتدار کے ساتھ چلتی ہے جلد ہی انکی بولی تبدیل ہوگی ہمارے کوشش ہے کہ 15مارچ تک تحریک عدم اعتماد لائیں جس کے بعد عمران خان وزیراعظم نہیں رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے