کوئٹہ، ایف آئی اے کی کارروائی، ساڑھے 7ٹن سرکاری کاپر برآمد ،3 کیسکو سرکاری ملازمین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے ساڑھے 7 ٹن (تقریباً ایک کروڑ روپے) مالیت کا سرکاری کاپر وائر برآمد کرلیا، چوری میں ملوث 3 کیسکو سرکاری ملازمین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل نے خفیہ اطلاع ملنے پر کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر جبل نور کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹرکوں سے ساڑھے 7 ٹن سرکاری تانبے کے تار برآمد کرلئے۔
ایف آئی آر کے مطابق کیسکو کے ملازمین سینئر آفسر ایگزیکٹو انجینئیر سعید اللہ کی ملی بھگت سے بغیر اجازت ایئر پورٹ روڈ پر واقع ریجنل اسٹور سے سروس کاپر وائر مغربی بائی پاس پر واقع علی حسن ٹھیکیدار کے گودام میں منتقل کررہے تھے، تاہم ایف آئی اے کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سرکاری محکمے کو بڑے مالی نقصان سے بچالیا
رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران کیسکو کے اسٹور کیپر محمد لعل، اسٹور کیپر محمد یار، سیکیورٹی اہلکار نظر علی اور ٹھیکیدار علی حسن کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ واقعے میں ملوث 2 ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ترجمان کے مطابق برآمد شدہ سرکاری کاپر وائر کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے، گرفتار ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے تھانے منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے میں ملوث کیسکو افسران کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔