خواتین کو ہراساں کرنا ناقابل معافی جرم ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنا ناقابل معافی جرم ہے۔دنیا بھر میں خواتین کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے جن میں سب سے بڑا مسئلہ ہراسگی کا سامنا کرنا ہے۔بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں تحفظ برائے ہراسیت خواتین کا ایکٹ نافذ العمل ہو چکا ہے جس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی سے زیادہ معاشرے میں اس عمل کے خلاف احساس اجاگر کرنا ہے اور اس کے لئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اپنا فعال کر دار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول، کالج، یونیورسٹیوں،پبلک ٹرانسپورٹ، مارکیٹوں اور دفتروں اور دیگر کام کرنے والی جگہوں پر عورت کی عزت و تکریم کے لئے معاشرے میں شعور و احساس ذمہ داری پیدا کرنا ہوگاکہ عورت کس مجبوری سے اپنے گھروں سے نکل کر اپنے خاندان کی کفالت کے لئے کام کرتی ہے اور اگر انہیں ایسی جگہوں پرعدم تحفظ کا احساس رہے گا تو وہ کام کیسے کر سکیں گی۔خواتین کو کام کی جگہ پر ادارے کی جانب سے احترام و توقیرکے ساتھ ساتھ محفوظ ماحول مہیا کرنا ہر ادارے کی ذمہ داری ہے۔ اس عمل سے ہماری نوجوان نسل میں شعور پیدا کیا جاسکتا ہے کہ عورت کی عزت و حفاظت معاشرے میں بسنے والے تمام لوگوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خواتین جو تعلیم حاصل کرنے،دفتر یا کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر نکلتی ہیں اور انہیں کسی ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو انہیں ہراسیت کے خلاف ضرور اپنی آواز اٹھانی چاہئے تاکہ اس لعنت کا سدباب ہو سکے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اس قانون سازی سے خواتین کے حقوق کا بہتر طور پر دفاع کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلعی بلکہ شہروں کی سطح پر پراس قانون کے تحت کمیٹیاں تشکیل دینی چاہئیں تاکہ ہراسمنٹ سے متعلق فوری طور پر شکایت درج کرائی جاسکے اور اس پر فوری عملدرآمد کے لئے موثر اقدام اٹھایاجاسکے۔انہوں نے خواتین کو تلقین کی کہ وہ ہراسمنٹ سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت بلا خوف و خطر درج کرائیں یا براہ راست وفاقی و صوبائی خاتون محتسب سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جائے ملازمت پر محفوظ اور باوقار ماحول سب کا حق ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم اس سے متعلق قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے