اپوزیشن کے خرید و فروخت کے بازار پر عمران خان سیاسی ڈرون حملہ کریں گے، شیخ رشید
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں خریدو فروخت کا بازار گرم ہے، اور نوازشریف نے خرید و فروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سارے مفاد پرست اکٹھے ہو رہے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد کے نام پر خرید وفروخت جاری ہے، نوازشریف نے خرید وفروخت کی ذمہ داری آصف زرداری کو دی ہے، اپوزیشن کو عمران خان کا علم نہیں، عمران خان ترپ کا پتا کھیلیں گے کہ یہ سب نیست و نابود ہوجائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد عمران خان اور زیادہ چیلنج ثابت ہوں گے، اپوزیشن نے نام لے کر اداروں کو گالیاں دیں، بکنے اور بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، اپوزیشن والے ہر اس گھر میں خیرات مانگنے جارہے ہیں جو ان کے دل میں کھٹکتا ہے، سیاست میں خرید وفروخت کا بازار شروع ہوا تو جھاڑو پھر جائے گا، جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، ووٹ کو گڑھے میں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، انہیں مہنگائی کا بھی احساس ہے، اس حکومت کا ایک سال رہ گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے، تحریک عدم اعتماد میں کوئی جان نہیں صرف خریدو فروخت کا بازار گرم ہے، امید ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، عمران خان کو بھی سیاسی مشورہ ہے کہ جہانگیر ترین سے بات کریں۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی کامیاب رہا، بھارت کو وزیراعظم کا دوہ روس ایک آنکھ نہیں بھاتا۔