وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورہ پر روس روانہ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورہ پر روس روانہ ہو گئے۔وفاقی وزراء اور دیگر حکام وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان آج رات 10 بجے تک روس کے شہر ماسکو پہنچیں گے۔ وزیر اعظم روسی صدر کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔

معاون خصوصی شہباز گل پہلے ہی ماسکو پہنچ چکے ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا وزیراعظم کا دورہ تاریخی ثابت ہو گا۔ وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہم ہے۔ ماضی میں روس کے ساتھ تعلقات اس سطح پر نہیں رہے۔ صورتحال بدل رہی ہے۔ دورے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

روسی صدر کی دعوت پر کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا یہ 23 سال بعد روس کا دورہ ہے۔ یہی وجہ ہے روس، یوکرائن کشیدگی کے باوجود ماہرین اس دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اور روسی صدر کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے مابین سٹریم گیس پائپ لائن، ٹرانسپورٹ، ایوی ایشن، انفارمیشن سیکیورٹی، جامعات تعاون، کسٹم امور، اجناس کی تجارت، دفاع، ادویہ سازی، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں معاہدوں، باہمی تعاون میں وسعت کا امکان ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے میں اسلامو فوبیا، افغان صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث آئیں گے جبکہ دورے سے دوطرفہ کثیر الجہتی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون میں وسعت کا باعث ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے