سبی کا سالانہ میلہ اپنی تاریخی حیثیت کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ
سبی(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ کی صدارت میں سالانہ سبی میلہ مویشیاں واسپاں کی تیاری اور انتظامات کے سلسلے میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وحید شریف عمرانی، اسسٹنٹ کمشنر سبی ثناء ماہ جبیں عمرانی، ڈویژنل ڈائریکٹر لایؤ سٹاک جان محمد صافی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اکبر سولنگی، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز عتیق الرحمان، ایگزیکٹو انجینئر بی اینڈ آر حبیب الرحمان سمیت تمام محکموں کے سول و انتظامی افسران نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوِے کہا کہ اس مرتبہ سالانہ سبی میلہ انتہائی آب و تاب کے ساتھ 03 مارچ سے 07 مارچ تک منایاجائے گا،انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ سبی میلا کرونا وائرس کی وجہ سے گزشتہ سال منایا ہی نہیں گیا اگر منایا گیا تو انتہائی محدود پیمانے پر منایا گیا، انہوں نے کہا کہ سبی کا سالانہ میلہ اپنی تاریخی حیثیت کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں لوگوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ کاروبار کے بھی وسیع پیمانے میسر آتے ہیں خصوصا سبی اور گرد و نواح کے لوگوں کو اتنا دیگر تہواروں کا انتظار نہیں ہوتا جس شدت سے سبی میلے کا انتظار کرتے ہیں،انہوں نے کہا شہر کو اور تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا،انہوں نے کہا میلے کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوے کہا کہ میلے کے دوران پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ معزز مہمانوں کے لیے قیام و طعام کا شاندار اہتمام کیا جائے گا، سبی میلے میں ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی لوگوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے خوبصورت پروگرام جن میں خصوصی طور پر اسٹیڈیم میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا مظاہر مختلف اسکولوں کے طلباء وطالبات کی جانب سے قومی ملی نغمے اور فلاور شو کا زبردست مظاہرہ کیا جائے گا، علاوہ ازیں زرعی و صنعتی نمائش میں خوبصورت اسٹالز چلڈرن اکیڈمی میں روزانہ کی بنیاد پر پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور لیٹ نائٹ میں آتش بازی کا زبردست مظاہرہ بھی منعقد کیا جائے گا ،ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ضلعی افسران پر زور دیا ہے کہ وہ سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں جبکہ باہر سے آنے والے مہمانوں کے ساتھ ساتھ اچھا برتاؤ رکھیں تاکہ وہ اس تاریخی میلے میں نہ صرف لطف اندوز ہوں بلکہ واپس جانے پر اپنے ساتھ خوبصورت یادیں لے جاسکیں۔