تجارتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، گورنربلوچستان
کوئٹہ : گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ خطے میں رونما ہونے والی معاشی اور تجارتی تبدیلیوں سے پاکستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا. اس ضمن میں پاکستان نے اپنی توجہ جغرافیائی سیاست کے علاوہ جیو اکنامکس پر بھی مرکوز کر دی ہے۔ گورنر بلوچستان نے پاکستان اور جرمنی کے خوشگوار تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ جرمن پاکستان میں براہ راست یورپی یونین کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے اور جرمن مختلف شعبوں میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں پاکستان میں تعینات فیڈرل ریپبلک آف جرمنی کے سفیر (Dr. Bernhard Schlagheck) سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے جرمن سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور شمسی توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں مزید تعلقات بڑھانے کے روشن امکانات ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں. لہٰذا ضروری ہے کہ جرمنی کے سرمایہ کار کو چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے (سی پیک) تحت خصوصی اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کریں. گورنربلوچستان سید ظہور احمد آغا نے توقع ظاہر کی کہ جرمنی مسقبل میں بھی تعلیم, صحت, توانائی، سیاحت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں اپنا تعاون برقرار رکھے گا.