اسلام محبت کا مذہب ہے لیکن دنیا اسلام فوبیا کا شکار ہے، پیر نور الحق قادری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنور الحق قادری نے کہا ہے کہ ملک ماں کی حیثیت رکھتا ہے جو ہماری بقاء کا ضامن ہے۔یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ کے علاقہ سریاب روڈ فیض آباد میں واقع حق باہو بنگلہ میں منعقدہ پیغام پاکستان کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی دین وطن کے بغیر فروغ نہیں پاتا ان لوگوں سے وطن کی قدر پوچھیں جن کا وطن نہیں جس کی وجہ سے ان کا دین بھی محفوظ نہیں ہمارے ملک میں مختلف مسلکوں میں اختلافات ہوں گے مگر ان اختلافات کو اس حد تک نہ لے جایا جائے جس سے ملک کی سالمیت پر حرف آئے اور لوگوں کی عزت نفس مجروح ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پیغمبر حضور اکرمؐ نے ہمیں اختلافات سے منع نہیں کیا ہے مگر ایک دوسرے کو فاسق و فاجر کافر اور واجب القتل کہنے سے منع فرمایا ہے۔ پیغام پاکستان ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہم نے جس مدرسے یا استاد سے جو بھی پڑھا ہے اس کو آگے بڑھائے مگر دوسرے مسلمانوں کو اسلام سے خارج نہ کریں۔ جو شخص اسلام اور اللہ کے رسول کا نام لیتا ہے نماز ادا کرتا ہے اور قرآن پاک کی تلاوت صبح و شام کرتا ہے وہ چاہے جس فرقے یا مسلک سے تعلق رکھتا ہو وہ مسلمان ہے اور ہمارا ہم وطن بھائی ہے۔ کسی کی سزا و جزاء کا کام عام عوام کا نہیں بلکہ ریاست کا ہوتا ہے اس لئے ہمیں ماورائے قانون اقدامات سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے سیالکوٹ واقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس واقع سے ہمارے ملک کی بہت بدنامی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو شخص ویزہ لے کر ہمارے ملک آتا ہے اس کی حفاظت اس ملک کے تمام عوام کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویزے کا لفظی معنی بھی یہی ہے اور پیغام پاکستان کانفرنس کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ اپنے معاشرے میں آگاہی پیدا کریں تاکہ ہمارے ملک میں رہنے والے کسی بھی شخص کے عزت نفس پر کوئی حرف نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کی کاوشوں سے اسلام پاکستان میں پھلا پھولا ہے۔ آج اس کانفرنس کی انعقاد اس بات کی واضح دلیل ہے۔ قبل ازیں ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت پاکستان، بانی و امیر جماعت الصالحین پاکستان صاحبزادہ پیرخالد سلطان القادری نے سپاسنامہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ امن چاہتے ہیں اور رواداری و دین اسلام کا پاسدار ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر سے اپیل کی کہ بلوچستان کے حجاج کرام کو حج کی رجسٹری میں خصوصی سہولت دی جائے تاکہ بلوچستان کے لوگ آسانی سے حج کی فریضہ ادا کرسکے۔ قاری عبدالرشید، محمد کمال قادری، سید محمد طیب، سید حبیب اللہ چشتی اور دیگر مقررین نے پیغام پاکستان کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔