مولانا فضل الرحمان کا پیپلزپارٹی کو ستائیس فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی کو ستائیس فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا۔آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے الگ لانگ مارچ کے بجائے پی ڈی ایم کے ساتھ لانگ مارچ کی تجویز دی ہے اور کہا پہلے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے جبکہ آصف زرداری نے کہا پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیئے۔
ذرائع کا کہنا ہے ملاقات میں ن لیگ کی جانب سے اتحادیوں کی بجائے حکومتی ناراض ارکان کو ساتھ ملانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ آصف زرداری نے کہا لیگی رہنماؤں نے بتایا ہے کہ حکومت کے 20 سے 22 ناراض ارکان نے ن لیگ کو حمایت کا یقین دلایا ہے۔
مولانا اور زرداری نے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے جاری رکھنے اور تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔