درختوں کی غیرقانونی کٹائی پرعائد جرمانے میں اضافہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ جنگلات کی افزائش اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جنگلات کی کٹائی کو ہر صورت روکا جائے گا اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی پر عائد جرمانے میں بھی اضافہ کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلانٹ فار پاکستان ڈے موسم بہار مہم 2022 کے افتتاح کے موقع پر کیا،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں پودا بھی لگایا،تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج، سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری لعل جان جعفر اور بلوچستان بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سکاؤٹس بھی شریک تھے، سیکریٹری جنگلات نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے تحت بلوچستان میں 10 ملین درخت لگائے جائیں گے اور موسم بہار میں 5 لاکھ درخت لگائے جائیں گے جبکہ شجر کاری مہم میں بلوچستان بوائے اسکاؤٹس 54 ہزار پودے لگائیں گے بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس مہم کے تحت ساحلی علاقوں میں مینگروز کے درخت لگائیں جائینگے اور صوبے میں اس مہم کو ضلع وار شروع کیا جارہا ہے جس میں علاقوں کی مخصوص آب و ہوا کو مدنظر رکھتے ہوئے پودوں کی افزائش کی جائے گی،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبے کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے یقینا یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو صاف وشفاف ماحول اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ناگزیر ہے کیونکہ درخت ماحول میں پیدا ہونے والی ضرر رساں گیسوں کو جذب کرتے ہیں اور ایک صحت افزاء ماحول فراہم کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو بھی سر سبز بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی ضرورت ہے،وزیر اعلی نے اس موقع پر سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ جنگلات کے تحفظ اور کٹائی کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اور علاقے اور ماحول سے موافق پودوں کی افزائش شروع کی جائے،وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ درخت لگانے اور انکے تحفظ کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور مہم کے دوراں لگائے جانے والے پودوں کی نشوونما کا بھی میکینزم بھی بنایا جائے وزیراعلیٰ نے تقریب میں موجود بوائے اسکاؤٹس سے بات چیت کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسکاؤٹس شجر کاری کی اس مہم کے تحت لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال اور رکھوالی بھی کریں گے اور وہ خود بھی بوائے سکاوٹس کی جانب سے لگائے جانے والے پودوں کا معائینہ کریں گے، وزیر اعلیٰ کو اس موقع پر سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی نے محکمہ کی جانب سے شیلڈ پیش کی بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے عالمی یوم بوائے اسکاؤٹس کی مناسبت سے اسکاؤٹس کے ہمراہ کیک بھی کاٹا،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک مثبت اور تعمیری معاشرے میں اسکاؤٹس اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور ہمارے صوبے کے اسکاؤٹس بھی صاف اور شفاف ماحول کی فراہمی کے لئے شجر کاری کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو ایک خوش آئند امر ہے،قبل ازیں وزیراعلیٰ کو تقریب میں پہنچنے پر بوائے سکاؤٹس نے سلامی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے